sabak amoz kahanian

ایک ماں کی سچی کہانی

یہ کہانی ایک ایسی عورت کی ہے جس نے اپنے بچوں کی خاطر ہر طرح کے مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور زندگی کے کسی موڑ پر بھی صبر اور حوصلہ کا دامن نہیں چھوڑا. یہ کہانی ہے ایک ایسی ماں کی محنت اور محبت کی جس نے یہ ثابت کر دیا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں عورت اس کا مقابلہ کسی مرد کے بغیر بھی کس سکتی ہے. آئیے یہ غم بھری کہانی اس عورت کی زبانی ہی سنیئے:

میرا نام روشن آراء ہے. پتہ نہیں ماں باپ نے یہ نام کیوں رکھا کیونکہ نام سے تو میں روشن آراء ہوں لیکن حقیقت میں روشنی میرے پاس کبھی نہیں آئی. میری قسمت میں جتنے غم آئے کاش وہ کبھی کسی کو نہ ملیں، زندگی کی کوئی رات اور کوئی دن خوشی سے اور ہنستے ہوئے نہیں گزرامگر اتنا ضرور ہے کہ آنے والی کل کے انتظار میں رات کو سوتے وقت تھوڑا مسکرا لیتی تھی کہ کل کا دن شاید کوئی خوشی کی نوید لائے. میری شادی 20 سال کی عمر میں ہی ہو گئی تھی. شادی کے چند سال تو بہت اچھے گزرے، شوہر بھی اچھے اور ہمیشہ مسکرانے والے تھے. اپنی زندگی میں انہوں نے مجھے کوئی غم نہیں دیا. کماتے بہت زیادہ نہیں تھے پر پھر بھی دن اچھے گزر رہے تھے مگر تیسرے بچے کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد ہی مجھے یہ خبر ملی کہ میرے شوہے کی ایک حادثے میں موت ہو گئی ہے اور میں بیوہ ہو گئی ہوں. میری تو دنیا ہی اجڑ گئی تھی. کئی دنوں تک تو مجھے کوئی ہوش ہی نہیں تھا مگر ایک مہینے کے بعد میں کچھ سنبھلی تو میری ساس اور میرے دیور نے کمرے میں آ کر کہا دیکھو اب تمہارا شوہر تو چلا گیا ہے اور یہاں کمانے والا بھی اب تمھارا ایک دیور ہی ہے. سسر بھی چل پھر نہیں سکتے اور اب کوئی اور آسرا بھی نہیں جو تمھیں ہم اپنے ساتھ رکھ سکیں لہٰزا بہتر یہ ہو گا کہ تم اپنے گھر چلی جاؤ اور چاہو تو اپنے بچوں کو بھی ساتھ لے جاؤ اور اگر دوسری شادی کرنا چاہو اور رکاوٹ ہو تو بچوں کو ہمارے پاس بھیج دینا. مجھے یہ سن کر بہت حیرت ہوئی کہ اب یہ لوگ بھی میرا بوجھ نہیں اُٹھا سکتے تو میں نے ان سے کہا کہ ماں اس گھر میں تو میرے شوہر کی یادیں ہیں اور ویسے بھی میں آپ پر بوجھ نہیں بنوں گی کیوں کہ میں سلائی کڑھائی تو جانتی ہوں، محنت کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال لوں گی. آپ صرف مجھے اس گھر میں رہنے دیں. رہا شادی کا سوال تو وہ میں اب نہیں کروں گی.

یہ بچے ہی میرا سہارا ہیں اور کوئی دوسرا باپ انہیں پیار نہیں دے سکتا مگر انہوں نے میری بات نہ مانی اور مجھے کہا کہ تم تین دن کے اندر فیصلہ کر لو تا کہ ہم یہاں سے چلے جائیں کیونکہ اب اس مکان کو بیچ کر تمھارا دیور کوئی چھوٹا موٹا کام شروع کرے گا. میں نے جب یہ سنا تو میرا دل غموں سے بھر آیا تب میں نے کہا ٹھیک ہے جب آپ مجھے رکھنا ہی نہیں چاہتے تو میں تین دن رُک کر کیا کروں گی لہٰزا میں نے اگلے دن ہی گھر چھوڑ دیا اور اپنی ماں کے گھر آ گئی. میں ماں کے گھر میں کچھ ہی دنوں رہی تھی کہ بھابیوں نے میرے بھائیوں کے کان بھرنے شروع کر دئیے کہ روشن آراء کے بچے ہمارے بچوں کو مارتے ہیں انہیں کھیلنے نہیں دیتے حالانکہ میں اپنے بچوں کو اپنے کمرے میں ہی بند رکھتی تھی. نہ تو ان کو میرا کوئی بھائی کھیلنے کے لئے باہر لے جاتا بس یہ بےچارے آپس میں ہی کھیل کر کمرے میں ہی سو جاتے تھے. آہستہ آہستہ میں نے اپنا کچھ زیور بیچ کر ایک سلائی مشین لی اور محلے سے سلائی کا کام منگوانا شروع کر دیا. اللہ کی رحمت سے میرا کام لوگوں کو پسند آ گیا. اب میں نے اپنے بچوں کو محلے کے ایک سکول میں داخل کرا دیا اور خود انہیں چھوڑنے بھی جاتی اور لینے بھی.

پتہ نہیں یہ عورت ہی عورت کی دشمن کیوں ہوتی ہے. میری بھابیوں کو میرا اس گھر میں رہنا پسند ہی نہیں تھا اس لئے وہ میری بوڑھی ماں جو ہر وقت میرے غم میں نڈھال رہتی تھی اسے بھڑکاتی رہتی کہ کوئی غریب سا رنڈوا مرد دیکھ کر اس کی شادی کرواؤ اور اسے رخصت کرو ورنہ اس کی عمر کیسے کٹے گی اور اس کے بھائی اسے کب تک سنبھالیں گے اور ویسے بھی اب ہمارے بچے بڑے ہو رہے ہیں گھر میں جگہ تنگ پڑ جائے گی اور اگر کوئی اس کے بچوں کو لینے کو تیار نہ ہوں تو ایک ایک کر کے کسی بے اولاد کو دے دیں. پل جائیں گے لیکن ان ظالم بھائیوں کو یہ خیال نا آیا کہ ان بچوں کی خاطر میں نے اپنا سسرال چھوڑا تھا اور شادی نا کرنے کا ارادہ کر لیا تو کیا میں ان بچوں کے بغیر رہ سکتی ہوں. کیا کوئی بھی ماں اپنے بچوں کے بغیر جی سکتی ہے؟ شاید ایسا تو کوئی جانور بھی نہ کرسکے. اس رات میں سو نہ سکی اور اگلے دن اپنی کچھ چیزیں اور ایک چوڑی جو میرے شوہر کی آخری نشانی تھی بیچ کر میں نے گلی میں ہی ایک دو کمروں کا مکان کرائے پر لیا اور وہاں اپنے بچوں کے ساتھ رہنے لگی.

اب خرچے بھی بڑھ گئے تھے اس لئے مجھے سلائی کا کام بھی بڑھانا تھا. اس سب میں میری ایک دوست نے میری بہت مدد کی اور اپنی ماں سے کہہ کر اس نے مجھے ایک بوتیک کی مالکن سے ملوایا. اسے میرا کام پسند آ گیا اور وہ مجھے ہر مہینے اتنا کام دینے لگی کہ میں اپنا گزارا کرنے لگی اس کے باوجود میرے بچوں کو بہت محرومیوں کا سامنا کرنا پڑا. اس دوران میرے بھائیوں نے میری خبر تو کیا لینی تھی کہ وہ میری ماں سے بھی تنگ آ گئے تھے اس لئے میں اپنی بیمار ماں کو بھی اس گھر میں لے آئی تھی. بوتیک کی مالکن جس سے میں کام لیتی تھی اس نے مجھے کہا کہ اگر میں تمھیں ایک چھوٹی سے فیکٹری لگا دوں تو کیا تم یہ کام سنبھال سکو گی؟ میں نے کہا کیوں نہیں لہٰزا اس نے میرے اس گھر میں ہی مجھے کچھ مشینیں لگوا دیں اور کہا کہ اب تم مجھے میرا آرڈر پورا کروا کہ دیا کرنا. میں یہ کام خوش اسلوبی سے سر انجام دیتی آئی.

بفضلِ خدا آج میرا ایک بیٹا میڈیکل سائینس کا فائنل امتحان دے رہا ہے اور دوسرا بیٹا بینک میں ملازمت کرتا ہے اور بیٹی کی شادی ہونے والی ہے. میرے بیٹے کہتے ہیں کہ ماں اب یہ کام چھوڑ دو لیکن میں یہ کام نہیں چھوڑوں گی جب تک مجھ میں ہمت ہے. اپنے لئے کچھ رقم اورکفن خرید رکھا ہے نہ جانے میری ماں کی طرح کب میں میرے بچوں پر بوجھ بن جاؤں. آج میری ماں زندہ نہیں ہے اور اب مجھے بھی مرنا ہے. لیکن خدا کا شکر ہے کہ میرے بچے نمازی ہیں اور میرا بہت احترام کرتے ہیں.

بس میرا دوسری عورتوں کے لئے یہی پیغام ہے کہ وہ کبھی بھی کسی موڑ پر ہمت نا ہاریں اور کوشش کرتی رہیں کیونکہ ہمت کرنے والوں کا ساتھ خدا ضرور دیتا ہے

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Check Also
Close
Back to top button

You cannot copy content of this page

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker